بنگلہ دیش‘پاکستان کا فوجی سطح پر تعاون اور دیگر سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بنگلہ دیش کا دورہ‘ عبوری سربراہ محمد یونس سمیت سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں 
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں انفنٹری اور ٹیکٹس سکول کا دورہ کیا، اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی ‘ شیکھا آنیربن پر بھول بھی چڑھائے
راولپنڈی(آئی این پی )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا جہاں عبوری سربراہ محمد یونس سمیت سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن اور فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان سے بھی ملاقاتیں کیں۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے بھی ملاقات کی۔  جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیش کی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کو دہرایا، انہوں نے خود مختاری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ملاقاتوں میں دفاع اور سلامتی کے امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فوجی سطح پر تعاون اور دیگر سرگرمیوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر بنگلہ دیش کی سول اور عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے معیار کو سراہا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔بنگلہ دیش کے دورہ کے دوران میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں انفنٹری اور ٹیکٹس سکول کا بھی دورہ کیا، اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات بھی کی۔  سیناکنجو پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو سلامی پیش کی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے شیکھا آنیربن پر بھول بھی چڑھائے۔