فیلڈ مارشل سے بنگلہ دیش کے ایئرچیف کی ملاقات، دفاعی تعلقات کے فروغ کا عزم کیا گیا
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلی پیشہ وارانہ معیار او رکارکردگی کو سراہا: آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آئی این پی)فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلہ دیش کے ایئرچیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں جانب سے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اس موقع پر معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلی پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔