بنگلہ دیش کے پرنسپل سٹاف آفیسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن کا وفد کے ساتھ جی ایچ کیو کا دورہ ‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات
جنرل عاصم منیر کا خطے میں امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کا اعادہ ‘لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن کا پاک فوج کی قربانیوں کااعتراف
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بنگلہ دیش کی فوجی قیادت نے نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے پرنسپل سٹاف آفیسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پرغور کیا گیا اور دونوں جانب سے مضبوط دفاعی تعلقات کی اہمیت پرزوردیا گیا۔ملاقات میں دونوں برادرممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا اور کہا دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔قبل ازیں بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز (جے ایس ایچ کیو) میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر گفتگو ہوئی اوردونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا