شزا فاطمہ خواجہ کی بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات،آئی ٹی، سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،آن لائن)پاکستان اور بحرین کے درمیان ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے اورایس آئی ایف سی کی مثر سہولت کاری سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے جنیوا میں بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ و ٹیلی کمیونیکیشن شیخ عبداللہ بن احمد آل خلیفہ سے ملاقات کی۔پاکستان نے بحرین کو آئی ٹی، غذائی تحفظ، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وفاقی وزیر نے بحرین کے وزیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے آگاہ کیاملاقات میں آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جدت، مہارت کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیاایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔