اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور بنگلہ دیش نے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سولر ٹیکنالوجی، بیٹری مینوفیکچرنگ، الیکٹرک وہیکلز اور صنعتی پیداوار میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے باہمی اقتصادی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے بنگلہ دیش کے وزیر برائے خزانہ و منصوبہ بندی راشد الحمود تیتومیر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات، صنعتی تعاون، تجارتی روابط کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صنعت و تجارت رانا احسان افضل، ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار اور جوائنٹ سیکریٹریز بھی موجود تھے