نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 29 سے 30 مئی تک چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (IOMed) کے قیام سے متعلق کنونشن کی دستخطی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار 30 مئی کو IOMed کنونشن پر باضابطہ دستخط کریں گے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ ان کے اس دورے کے دوران کئی اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔حکام کے مطابق اس دورے کا مقصد ثالثی، سفارتکاری، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اس بات پر زور دیں گے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مؤثر نفاذ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے ہی دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔پاکستان نہ صرف IOMed کا بانی رکن ہے بلکہ اس کے مقاصد کی بھی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے ثالثی کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔