پاکستان کرکٹ ٹیم ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے کپتان عباس آفریدی کی قیادت میں روانہ ہوگئی ہے۔
تین روزہ ایونٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلا جائے گا، جس میں دنیا کی 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔قومی اسکواڈ میں کپتان عباس آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم مختصر فارمیٹ کے اس دلچسپ ٹورنامنٹ میں گزشتہ سال کی کامیابی دہرانے اور ایک مرتبہ پھر ٹرافی اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
گروپ سی میں پاکستان کا بھارت اور یو اے ای سے مقابلہ
ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ میں تین ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بھارت اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 30 اکتوبر کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گا، جبکہ اسی روز روایتی حریف بھارت سے بھی مقابلہ ہوگا۔ دونوں میچز قومی ٹیم کے لیے اہم ہوں گے، کیونکہ گروپ مرحلے میں کارکردگی اگلے مرحلے میں ٹیم کی پوزیشن کا تعین کرے گی۔
پاکستان گزشتہ سال چیمپئن بنا تھا
پاکستان نے گزشتہ سال ہانگ کانگ سکسز کے فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ عباس آفریدی کی قیادت میں ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرے۔