امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہو لارا ٹرمپ نے ایک بار پھر فاکس نیوز چینل میں نیا شو شروع کر دیا ہے۔
ان کے شو کا نام "My View with Lara Trump" رکھا گیا ہے، جو ہر ہفتے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے نشر ہوگا۔ اس شو میں لارا ٹرمپ قومی اور بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کریں گی، مختلف سیاسی رہنماؤں کے انٹرویوز ہوں گے، تجزیے کیے جائیں گے، اور دن بھر کی اہم ہیڈ لائنز پر بات کی جائے گی۔فاکس نیوز چینل کی سی ای او سوزین اسکاٹ نے اس موقع پر کہا کہ لارا ٹرمپ ایک باصلاحیت کمیونیکیٹر ہیں جو اپنے ناظرین کے ساتھ بہترین انداز میں جڑنا جانتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت اور کام کرنے والی ماں بھی ہیں۔ اس شو کے آغاز کے ساتھ، فاکس نیوز چینل نے اپنے ایک دیگر پروگرام کو اتوار کی رات 10 بجے منتقل کر دیا ہے۔
لارا ٹرمپ نے اس شو کے آغاز پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آواز کو فاکس نیوز پر واپس لانے، امریکی عوام کے ساتھ براہِ راست بات کرنے اور ملک کو عظیم بنانے کے لیے پرجوش ہیں۔لارا ٹرمپ 2020ء سے "دی رائٹ ویو" نامی ویب سیریز کی میزبانی کر رہی ہیں اور 2021ء تک فاکس نیوز چینل میں معاون کے طور پر کام کر چکی ہیں۔ وہ سیاست میں بھی حصہ لیتی ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تیسرے بیٹے ایرک ٹرمپ کے ساتھ شادی شدہ ہیں۔