فعال خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی سطح پر تنہائی سے نکل آیا:عطا اللہ تارڑ

 فعال خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی سطح پر تنہائی سے نکل آیا:عطا اللہ تارڑ

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے عالمی سطح پر تنہائی سے نکل کر فعال خارجہ پالیسی اختیار کی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کا بیلاروس کا دورہ اس حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کے بیلاروس کے دورے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا پاکستان کا دورہ چند ماہ قبل ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کے ساتھ زرعی مشینری، دفاع، اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیلاروس میں غیر رسمی عشائیے میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنا بھی اہم ہے، کیونکہ بیلاروس کے صدر کا نواز شریف کے ساتھ ذاتی اور دیرینہ تعلق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات میں مزید بہتری کا سبب بنے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی فعال خارجہ پالیسی کے تحت کئی معاہدے کئے ہیں اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کی میزبانی بھی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف عالمی فورمز میں پاکستان کے اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقع نے ملکی معیشت میں استحکام پیدا کیا ہے، اور اب پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں آ کر مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، اور اس سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے بلکہ پاکستان کا عالمی سطح پر اہم مقام بھی مستحکم ہو رہا ہے۔