ایل ڈی اے اراضی پر عارضی الیکٹرک بس ڈپو بنانے کا فیصلہ

اراضی1 سال کیلئے ،معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کی گنجائش ہوگی 
لاہور( خصوصی رپورٹ )پنجاب حکومت کی طرف سے لاہور میں الیکٹرک بسوں کا انفراسٹرکچر تو بچھایا جارہاہے مگر ان بسوں کے لیے کوئی ڈپو موجود نہیں۔ حکومت کی طرف ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے سٹیشن پر الیکٹرک بس ڈپو کی تعمیر کا آغاز تو کیا مگر ان تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کے لیے ابھی بھی ایک سال سے زائد کا وقت درکار ہے۔ اسی تناظر میں ایل ڈی اے کی اراضی پر عارضی بس ڈپو بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق قائداعظم ٹا ئون میں ایل ڈی اے کی 34 کنال خالی اراضی عارضی الیکٹرک بس ڈپو کے لیے استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اراضی ایک سال کے لیے فراہم کی جائے گی، جبکہ معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔لاہور میں 102 الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں، جن کے لیے عارضی ڈپو کی جگہ جلد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ مستقل ڈپو ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے سٹیشن پر زیر تعمیر ہیں، جن کی تکمیل میں مزید ایک سال لگنے کا امکان ہے۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو موجودہ اور آئندہ 60 الیکٹرک بسوں سمیت مجموعی طور پر 160 بسوں کی پارکنگ اور آپریشنل ضروریات کے لیے ڈپو درکار ہے۔ایل ڈی اے کی جانب سے اراضی کا سالانہ لیز کرایہ مقرر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔