صیہونی فوج کی شام کے شہر قنیطرہ شہر میں پیش قدمی جاری ،علاقہ جبری خالی کرانے کے لیے پانی و بجلی اور سڑکوں کا نظام تباہ کردیا
اقوام متحدہ اسرائیل کو شام میں کارروائیوں سے روکے، اسرائیل ہماری سرزمین سے اپنی فوج فوری واپس بلائے، شامی عبوری حکومت
دمشق(آئی این پی )اسرائیل کے شام میں فضائی حملوں میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پانچ گھنٹوں کے دوران شام میں 61 میزائل داغے، صیہونی فورسز نے دمشق میں فورتھ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر اور قریبی علاقوں میں بمباری کی ، فضائی حملوں میں ریڈار سسٹم اور فوجی اسلحہ ڈپو تباہ کردیا گیا۔ بشار الاسد اور ان کی حمایت یافتہ فوج کے فرار ہونے کے بعد اسرائیل مسلسل شامی فوج کے اسلحے کے ذخائر اور فوجی سازوسامان کو تباہ کر رہا ہے۔ وسری جانب اسرائیلی فوج شام کے شہر قنیطرہ شہر میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے اور علاقہ جبری خالی کرانے کیلیے پانی و بجلی اور سڑکوں کا نظام تباہ کردیا ہے۔ادھر اسرائیل کی شام میں کارروائیوں پر شام کی عبوری حکومت نے ردعمل میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو شام میں کارروائیاں کرنے سے روکے، اسرائیل ہماری سرزمین سے اپنی فوج فوری طور پر واپس بلائے، شام پراسرائیلی حملوں کو بھی فوری بندہونا چاہیے۔