نیاز بیگ میں 90 کروڑ90 لاکھ روپے کی لاگت سے ڈپو قائم کیا جائے گا
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں الیکٹرک بسوں کے لئے نیا چارجنگ سٹیشن اور بس ڈپو بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ٹھوکر نیاز بیگ میں واقع موضع نیاز بیگ میں 990ملین روپے کی لاگت سے منصوبہ قائم کیا جائے گا، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے ڈپو بنانے کی ذمہ داری تفویض کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق بس فلیٹ کو چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے نیا بس ڈپو اور چارجنگ سٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بس ڈپو شہر کے جنوبی حصے میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب قائم کیا جائے گا، منصوبے پر مجموعی طور پر 90کروڑ 90لاکھ روپے لاگت آئے گی، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے 48کنال 16مرلے اور 150مربع فٹ زمین حاصل کرنے کیلئے باضابطہ مراسلہ لکھ دیا، اراضی خالصتاً الیکٹرک بسوں کیلئے مخصوص کی جائے گی۔چارجنگ انفراسٹرکچر، ورکشاپس اور پارکنگ سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، یہ شہر لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے قائم کیا جانے والا دوسرا بس ڈپو ہو گا، اس سے قبل جناح بس ڈپو گرین ٹائون میں فعال کیا جا چکا ہے، نیا ڈپو اپنی وسعت اور گنجائش کے لحاظ سے سب سے بڑا ہو گا، یہ ڈپو شہر میں مستقبل میں آنے والی تمام نئی الیکٹرک بسوں کو چارج کرنے کی بنیادی سہولت فراہم کرے گا۔حکومت پنجاب نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔صوبائی دارالحکومت میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 27 الیکٹرک بسیں گرین ٹائون سے ریلوے سٹیشن تک چل رہی ہیں اور آئندہ مالی سال میں مزید دو سو بسیں چلانے کا پلان بنایا گیا ہے۔