واشنگٹن(آئی این پی )امریکا میں پیدائشی شہریت محدود کرنے کا ٹرمپ کا نیا حکم نامہ ایک اور وفاقی عدالت نے روک دیا جس کے بعد صدر ٹرمپ کو اس معاملے میں دوسری بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔واشنگٹن ڈی سی کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل رواں برس ستمبر میں ریاست میری لینڈ کی ایک وفاقی عدالت بھی ٹرمپ کے اسی حکم نامے پر عمل درآمد روک چکی ہے۔ اب امریکی حکومت کو دونوں عدالتی فیصلے ختم کرانے ہوں گے تاکہ وہ اس حکم نامے پر عمل درآمد کر سکے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مقدمہ ان بچوں کی جانب سے اجتماعی طور پر دائر کیا گیا تھا جنہیں ٹرمپ کے نئے حکم نامے کے تحت امریکی شہریت سے محروم ہونا پڑ سکتا تھا۔ جج کوپر نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے امریکی حکومت کو مقدمے میں شامل بچوں کے خلاف اس حکم نامے پر عمل کرنے سے روک دیا۔جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس مقدمے میں قانونی صورت حال بالکل واضح ہے۔ امریکی سپریم کورٹ 2 مرتبہ اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ امریکا میں پیدا ہونے والے تمام بچے امریکی شہری ہیں۔ اس میں صرف چند کیسز ایسے ہیں جن پر امریکی قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔