دوہری شہریت کی رکھنے والی کویتی خاتون کی شہریت منسوخ

 کویت سٹی(آئی این پی ) کویت میں دوہری نیشنلٹی رکھنے پر خاتون کی شہریت منسوخ کردی گئی۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق کویت کی سپریم کمیٹی فار سٹیزن شپ نے دوہری قومیت کا معاملہ سامنے آنے پر کویتی خاتون کی شہریت منسوخ کردی ۔ کمیٹی کے سامنے اس بات کا انکشاف سامنے آیا تھا کہ مذکورہ خاتون کسی دوسرے خلیجی ملک کی بھی شہریت کی حامل ہے،خاتون کے پاس نہ صرف کویت کی سول آئی ڈی تھی بلکہ اس خلیجی ملک کی بھی شہریت ملی ہوئی تھی جس سے ان کے شوہر کا تعلق ہے۔ذرائع کے مطابق خاتون کے خلیجی ملک کے آئی ڈی کارڈ میں وہی نام اور تصویر لگی ہوئی تھی جو کویت کی سول آئی ڈی میں موجود تھی، خاتون نے شادی کے بعد اس خلیجی ملک کی شہریت حاصل کی تھی۔دوہری شہریت کا ایک واضح کیس ہونے کے سبب خاتون کی کویتی شہریت منسوخ کی گئی کیونکہ کویت کے قانون کے مطابق کوئی بھی مرد یا خاتون اس اختیار کا حامل نہیں کہ وہ دوہری قومیت رکھے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ خاتون کی تمام دستاویز ا ت کی جانچ پڑتال کے بعد شہریت سے متعلق کویت کی سپریم کمیٹی نے ملکی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ خاتون کو شہریت سے محروم کیا۔