امریکی ریاستیں ٹرمپ کے شہریت کا پیدائشی حق منسوخ کیے جانے کے فیصلے کیخلاف ڈٹ گئیں

  18ریاستوں نے نومنتخب صدر کی جانب سے شہریت کا پیدائشی حق منسوخ کیے جانے کے خلاف مقدمہ دائر کردیا
واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ کی 18ریاستوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شہریت کا پیدائشی حق منسوخ کیے جانے کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔ غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق صدارتی حکم نامے کے خلاف ڈیموکریٹس نے بھی محاذ بنا لیا ہے۔ڈیموکریٹس امیگریشن پالیسی تبدیل کیے جانے کے خلاف ڈٹ گئے اور ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ اس کے علاوہ امریکی صدر نے غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بلومبرگ کے مطابق بھارت امریکا میں غیر قانونی رہائش پذیر 18 ہزار بھارتیوں کو واپس بلائے گا۔بلومبرگ کا کہنا ہے کہ بھارت اور امریکی انتظامیہ نے 18 ہزار غیرقانونی بھارتی تارکین وطن کی شناخت کی ہے، امریکا میں موجود بھارتی تارکین وطن کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔دوسری جانب ٹرمپ حکومت نے ایک ہزار660 افغانیوں کی امریکا منتقلی کے منصوبے کو معطل کردیا۔