لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت نے رواں موسم سرما میں تلور کے محدود شکار کی اجازت دینے کے لئے قانونی پابندی عارضی طور پر دو ماہ کے لئے ختم کرنے کی منظوری دے دی ۔منظوری کابینہ کی قانون سازی اور نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کے 42ویں اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان نے کی۔محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے تلور کو سال بھر تحفظ فراہم کرنے والے تھرڈ شیڈول سے عارضی طور پر نکال کر شکار کی اجازت والے فرسٹ شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔وائلڈلائف حکام کے مطابق کمیٹی کے فیصلے موصول ہونے کے بعد متعلقہ قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے تلور کو تھرڈ شیڈول سے فرسٹ شیڈول میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد مخصوص مدت کے لئے محدود شکار کی اجازت ممکن ہوگی۔پنجاب وائلڈلائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ ) ایکٹ 1974 کے تحت تلور تھرڈ شیڈول میں شامل ہے، جس کے باعث اسے معمول کے حالات میں سال بھر شکار سے تحفظ حاصل ہے۔ تاہم، قانون کی دفعہ 45(i) حکومت کو اختیار دیتی ہے کہ سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے کسی جنگلی جانور یا پرندے کو مختلف شیڈولز میں شامل یا خارج کرسکے۔پاکستان میں تلور کے شکار کے لئے روایتی طور پر خلیجی ممالک سے عرب شخصیات کی آمد ہوتی ہے، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سے تعلق رکھنے والے شکاری شامل ہیں۔ ان میں سے بعض جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں میں شکار کیلئے آتے ہیں۔