اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے ساتھ جاری تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات جمعہ کویہاں آئی ایف سی کے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے علاقائی نائب صدر عماد فاخوری سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے عماد فاخوری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے پورٹ فولیو اور حکومت کے ساتھ روابط کو سراہا۔ملاقات میں ہائوسنگ فنانس، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے مالی سہولتوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔