عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے:احد چیمہ

10 سالہ حکمت عملی کے تحت عالمی بینک کی جانب سے 40ارب ڈالر کی تاریخی معاونت فراہم کی جائیگی، وفاقی وزیر
واشنگٹن(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ سب سے بڑے ترقیاتی شراکت دار کے طور پرعالمی بینک نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وفاقی وزیر نے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران عالمی بینک کی اعلیٰ قیادت سے واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کیں،وفاقی وزیر نے عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر برائے آپریشنز آنا بیئر ڈے اور جنوبی ایشیا کے نائب صدر مارٹن رائزر سے تفصیلی ملاقات کی۔احمد چیمہ نے پاکستان اور عالمی بینک گروپ کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ 10سالہ حکمت عملی ہے جس کے تحت عالمی بینک کی جانب سے 40ارب امریکی ڈالر کی تاریخی معاونت فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبد الحق بجاوی سے بھی ملاقات کی اور تجویز دی کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرنے چاہئیں تاکہ ان کی ترقیاتی ضروریات اور ممکنہ شراکت داریوں کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔