افغانستان سے ڈرون حملہ، تاجکستان میں 3 چینی ملازمین ہلاک

تاجکستان کی حملے کی شدید مذمت ، افغان حکام سے سرحدی سلامتی کیلئے موثر اقدامات کا مطالبہ
دوشنبے(آن لائن)افغانستان کی سرزمین سے ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے میں تاجکستان کے ختلون علاقے میں واقع چینی کمپنی "LLC شوہین SM" کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین چینی ملازمین ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ 26 نومبر 2025 کی رات افغانستان سے ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جس میں دستی بم اور آتشیں اسلحہ بھی نصب تھا۔تاجک حکام کے مطابق، حملہ "یول" بارڈر ڈیٹیچمنٹ کے "استقلال" بارڈر گارڈ پوسٹ کے کنٹرول کے علاقے میں کیا گیا۔ یہ کیمپ تاجکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں واقع تھا اور اس حملے کا مقصد واضح طور پر چینی ملازمین کو نشانہ بنانا تھا۔تاجک حکام نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور افغانستان سے سرحد پار کی جانے والی اس کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاجک حکومت نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپوں کی تخریبی کارروائیوں کو تسلسل سے جاری رہنے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے اور افغان طالبان حکام سے فوری طور پر سرحدی سلامتی کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔