طالبان حکومت اپنے وعدوں کے برعکس دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام ہے
کابل(آئی این پی )افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی اب خطے کے ہمسایہ ممالک کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔افغان طالبان کی حکومت اپنے وعدوں کے برعکس افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں ہمسایہ ممالک کو شدید سیکیورٹی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔دی ٹائمز آف سنٹرل ایشیا کے مطابق، تاجکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ملحقہ سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے تین افغان دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور بڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق، اس سے قبل 18 جنوری کو بھی تاجک سیکیورٹی فورسز نے سرچا شمہ بارڈر پر افغانستان سے دراندازی کی کوشش کرنے والے چار افغان دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ نومبر سے اب تک تاجکستان میں افغانستان کی سرحد سے منسلک علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے