تاجک سفیر کی گوادر و کراچی پورٹ استعمال کرنے، براہ راست پروازوں کی درخواست،سہولت فراہم کریںگے،وفاقی وزیر
اسلام آباد(آئی این پی)تاجکستان نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں استعمال کرنے، لاجسٹک مسائل حل کرنے اور پاکستان سے براہ راست پروازوں کی درخواست کردی۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے تاجک سفیر نے ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی تعلقات پر اہم گفتگو کی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات گہرے ہیں، تجارتی روابط مزید بڑھائیں گے، تاجک سفیر نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے استعمال میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاجک سفیر نے لاجسٹک مسائل کے حل کی درخواست کی ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ برادر ملک تاجکستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، تاجکستان کی پاکستانی مصنوعات میں دلچسپی خوش آئند ہے، تاجکستان کی پاکستان کو تجارتی نمائش کی تجویز زیر غور ہے۔وفاقی وزیر نے تاجکستان کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ تاجکستان کو چینی برآمد کرنے پر رانا تنویر حسین اور تاجک سفیر کے درمیان بات چیت ہوئی۔تاجک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کی ضرورت ہے۔ جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجکستان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔