دہشت گردی ختم کرنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات ناگزیر شہبازشریف
دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے، پاکستان سڈنی میں بونڈائی بیچ پر ہونے والی دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتا ہے: آسٹریلیا کے ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو
خصوصی بچوں کا ہاتھ پکڑنا سب کی اجتماعی ذمہ داری،نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘ ان بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: اسلام آباد میں آٹزم سنٹر آف ایکسی لینس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب
شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ اجلاس‘سمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر ایف بی آر کی تعریف، ٹیکس چوری اور غیر قانونی پٹرول پمپوں کیخلاف اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی ‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سڈنی میں بونڈائی بیچ پر ہونے والی دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتا ہے،دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے۔وزیراعظم سے پاکستان میں نے نئے تعینات ہونے والے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹم کین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وزیراعظم نے سڈنی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی بلاشبہ مذمت کرتا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں آسٹریلیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے، جبکہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی ناگزیر ہے‘دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کا ہاتھ پکڑنا ہم سب کا اجتماعی فرض ہے اور حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں آٹزم سنٹر آف ایکسی لینس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے لیے 15 کوچز فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے اپنے اور پوری قوم کے بچے ہیں، جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بچہ کسی ایک صلاحیت سے محروم ہو تو اللہ تعالی اسے کئی دوسری صلاحیتوں سے نوازتا ہے، جنہیں درست رہنمائی اور سہولتوں کے ذریعے نکھارا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیرِ ثقافت ستاریون متلوبخون امان زادہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دورے پر آنے والی تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں جاری مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں جاری پاکستان–تاجکستان ثقافتی ہفتہ کو ایک تاریخی اور اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے تاجک صدر امام علی رحمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔تاجک وزیرِ ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا‘علاوہ ازیںسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے انسداد سمگلنگ اقدامات، محصولات میں اضافے اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے انسداد سمگلنگ کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے، تاہم پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائیوں سے سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور متعدد اشیاء اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس چوری اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے، اور صوبائی حکومتیں غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔