ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے پرامن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 27 برس قبل 28 مئی 1998 کو کیے گئے ایٹمی تجربات نے نہ صرف پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع فراہم کیا بلکہ امت مسلمہ کا بھی سر فخر سے بلند کر دیا۔یومِ تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ "آج بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور بلند رہے گا، دشمن پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا"۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری مسلم اُمہ کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، اور 10 مئی کی فتح کی بنیاد 28 مئی کو رکھی گئی"۔مریم نواز نے 1998 کے ایٹمی دھماکوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "چاغی کے پہاڑوں میں لگایا گیا نعرۂ تکبیر آج بھی وطن عزیز کی فضاؤں میں گونج رہا ہے اور قوم آج بھی قائدِ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی ممنون ہے"۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب بھی پاکستان کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا، اُس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے امن، استحکام اور قومی خودمختاری کی ضمانت ہیں۔یومِ تکبیر کے موقع پر مریم نواز نے پوری قوم کو اپنے دفاع اور آزادی پر ناز کرنے کا پیغام دیا اور وطنِ عزیز کی ترقی و سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔