وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ "بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور بہن بھائیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوحِ تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے۔" انہوں نے کہا کہ "پانچ اگست 2019 سے بھارتی مظالم میں بے محابا اضافہ ہوا ہے، لیکن کشمیری عوام کا حوصلہ اور ہمت قابلِ تحسین ہے۔ کشمیر فیصلہ کرے گا، ہم ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔"انہوں نے کہا کہ "بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ عالمی ضمیر پر سوال ہے۔ عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے، لیکن کشمیری بہن بھائیوں پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔"
وزیراعلیٰ نے مزید کہا:برصغیر میں مستقل امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔بھارت ظلم کر کے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں دھڑکتا ہے۔بھارت کے ظلم و ستم کی وجہ سے کشمیری ایک دہائی سے اک ڈاؤن کی زندگی گزار رہے ہیں۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر مستقل بے حسی عالمی ضمیر کے خلاف چارج شیٹ ہے۔بھارت کا ظلم وقتی ہے لیکن کشمیر کی آزادی مقدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ "مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ناقابلِ قبول ہے، دنیا کو کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ بھارت کا قبضہ غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے، کشمیر کی سیاہ رات کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔"مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ دنیا پر اب یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ ایک انسانی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ لوگ امن اور خوشحالی کی سحر دیکھنے کے مستحق ہیں۔