ویب ڈیسک: پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو آج 27 برس مکمل ہوگئے ہیں۔
28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے مقام چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف بھارت کے 5 ایٹمی تجربات کا بھرپور جواب دیا بلکہ خطے میں طاقت کا توازن بھی بحال کیا۔ اسی دن کو "یومِ تکبیر" کے طور پر ہر سال قومی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔یہ تاریخی دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنگِ میل ہے، جب ملک نے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر دنیا میں اپنی صلاحیت منوائی اور اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ یہ کارنامہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی قیادت میں انجام پایا، جب بھارت کے اشتعال انگیز ایٹمی تجربات کے جواب میں پاکستان نے عالمی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے جرأت مندانہ فیصلہ کیا۔یومِ تکبیر کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
سکولوں، کالجوں اور سرکاری دفاتر میں بھی ایٹمی طاقت کے حصول کے پس منظر، اہمیت اور اس دن کی قومی تاریخ میں حیثیت پر روشنی ڈالی جائے گی۔مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے اپنے مشترکہ پیغام میں پوری قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار، پرعزم اور ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔یومِ تکبیر نہ صرف دفاعِ وطن کی تاریخ میں فخر کا دن ہے بلکہ یہ قومی وحدت، خودداری اور عزمِ صمیم کا بھی مظہر ہے۔