یومِ تکبیر 2025: مسلح افواج اور عسکری قیادت کا خصوصی پیغام – جوہری پاکستان، مضبوط دفاع کا نشان

یومِ تکبیر 2025: مسلح افواج اور عسکری قیادت کا خصوصی پیغام – جوہری پاکستان، مضبوط دفاع کا نشان

ویب ڈیسک: وطن عزیز کے 27ویں یومِ تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد دی گئی ہے۔

 اس دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں یومِ تکبیر کی اہمیت، قومی عزم اور دفاعی قوت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک توازن بحال کیا بلکہ دنیا کے نقشے پر ایک جوہری طاقت کے طور پر ابھرا۔ یہ دن قوم کے اتحاد، عزم، اور امن کے عزم کی علامت ہے۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ یومِ تکبیر دراصل قومی قیادت کی دور اندیشی، سائنسدانوں اور انجینیئروں کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔ ان محسنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور یہ خطے میں امن کی ضامن ہے۔ یومِ تکبیر نہ صرف قومی سلامتی کا دن ہے بلکہ یہ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قابلِ اعتماد ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق بھی کرتا ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ مسلح افواج وطنِ عزیز کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں۔ اُن تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ملکی سلامتی، خود انحصاری اور وقار کے اس سفر کو ممکن بنایا۔

آخر میں پیغام میں کہا گیا:
"یومِ تکبیر قومی فخر، سلامتی، ترقی اور وقار کا دن ہے۔ پاکستان پائندہ باد، پاکستان زندہ باد!"