لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دھمکی، دباؤ اور پابندیوں کی پروا کیے بغیر پاکستان کو ناقابل تسخیر دفاعی ملک بنایا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ الحمدللہ پاکستان کو ایٹمی ملک بنے 27 سال مکمل ہو چکے ہیں، اور 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو چاہیے کہ وہ اس تاریخی دن کو یاد رکھے اور ایٹمی پروگرام کے تمام معماروں کو سلام پیش کرے جنہوں نے اپنی محنت اور قربانیوں سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔