شمالی غزہ و خان یونس پر حملوں میں شدت :24گھنٹے میں مزید 81 فلسطینی شہید

 نیتن یاہو کا غزہ میں زمینی آپریشن مزید تیز کرنے کا اعلان،12سالہ بچے کو عمر قید کی سزا کا اسرائیلی قانون، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش
غزہ؍ تل ابیب (آئی این پی )اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے غزہ میں زمینی آپریشن مزید تیز کرنے کا اعلان کردیا جبکہ شمالی غزہ اور خان یونس پر حملوں میں شدت آگئی ہے ۔گذشتہ24گھنٹے میں مزید81 فلسطینی شہیدہوگئے جبکہ شہداء کی تعداد 54ہزار سے تجاوز کر گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور حماس دو ماہ کی جنگ بندی پررضامند ہوگئے،جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مسودہ مسترد کردیا۔   اقوام متحدہ کی مخالفت کے باوجود غزہ میں امداد کی ترسیل کی ذمہ داری  یومینٹیرین فائو نڈیشن نے سنبھال لی،کئی امدادی ٹرک غزہ پہنچانے کا دعوی ٰکردیا۔ ادھر اسرائیلی یرغمالی سابق خاتون فوجی نے غزہ میں جارحیت کا احوال سناتے ہوئے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوف اپنے ہی ملک سے تھا، میں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔غزہ میں حماس کے ہاتھوں حراست میں لی جانے والی ایک سابق اسرائیلی فوجی نعاما لیوی نے انکشاف کیا کہ قید کے دوران اسے سب سے زیادہ خوف اسرائیلی فضائی حملوں کا تھا، جس سے وہ اپنی موت کو قریب محسوس کرتی رہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے اسرائیل کے اس متنازع قانون پر شدید تشویش ظاہر کی ہے جس کے تحت 12سال کے بچوں کو بھی عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ماہرین نے اس قانون کو اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن کی ممکنہ سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، جسے اسرائیل نے 1991 میں تسلیم کیا تھا۔