غزہ اور خان یونس میں اسرائیلی حملوں میں 32 فلسطینی شہید، قطر اور مصر کی مذمت

یہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد سے ہونے والا سب سے شدید حملہ ہے
 متاثرین کو شمال میں غزہ شہر کے الشفا ہسپتال اور جنوب میں خان یونس کے ناصر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے
طبی شعبہ شدید بحران ، ادویات، آلات اور سامان کی کمی کے ساتھ ہسپتالوں کی فوری بحا لی کی ضرورت ہے
غزہ(آئی این پی )غزہ میں جنگبندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ،فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اور خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 فلسطینی شہیں ہو گئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں رہائشی اپارٹمنٹس، خیمے، پناہ گاہیں اور ایک پولیس سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔فلسطینیوں کے مطابق، یہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد سے ہونے والا سب سے شدید حملہ ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرین کو شمال میں غزہ شہر کے الشفا ہسپتال اور جنوب میں خان یونس کے ناصر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ طبی شعبہ شدید بحران کا شکار ہے جہاں ادویات، آلات اور سامان کی کمی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کی فوری بحال ہونے کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق یہ صورتحال جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتی ہے