اسرائیلی فورسز کے غزہ میں خونریز حملے جاری، مزید 109 فلسطینی شہید خان یونس فوری خالی کرنے کا حکم

 مختلف سکولوں پر بمباری سے 60، سالگرہ تقریب پرحملے میں 39افراد شہید ہوئے،خان یونس میں راکٹ لانچ کر کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنایا جائیگا،صیہونی فوج
 غزہ (اے ایف بی) اسرائیلی فورسز کے غزہ میں خونریز حملے تھم نہ سکے۔سکولوں، ہسپتال، امدادی مرکز اور کیفے پر وحشیانہ بمباری میں 24 گھنٹے میں مزید 109 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، مشرقی غزہ کے علاقے میں مختلف سکولوں پر بمباری سے 60 افراد شہید ہوئے، ساحل پر واقع کیفے میں سالگرہ کی تقریب پر بمباری سے39 افراد شہید ہوئے۔صیہونی حملوں میں شہداء کی مجموعی تعداد 56 ہزار 626 ہوگئی،1 لاکھ 34 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے خان یونس کا علاقہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج بھرپور طاقت سے کارروائیوں میں مصروف ہے، کہا گیا ہے کہ خان یونس میں راکٹ لانچ کر کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنایا جائے گا۔اسرائیلی فوج نے غزہ سے 2 راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ یمن سے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ اور یمن سے داغے گئے میزائیل کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔