فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران آمد پر گرمجوشی سے استقبال کیا گیا‘ ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

فیلڈ مارشل کی ایرانی فوج کے سربراہ سے ملاقات پاک‘ایران دفاعی تعلقات  مضبوط بنانے پر اتفاق
ملاقات میں فوجی سطح پر تعاون بڑھانے، سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کے لئے طریقہ کار بہتر بنانے پر  غور ،ملاقات میں سرحدی علاقوں کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے زونز میں بدلنے پر بھی غور کیا گیا:آئی ایس پی آر

ایران اور پاکستان کو مل کر اسرائیلی حکومت کو غزہ میں جرائم سے روکنا چاہئے،باہمی تعاون کے ذریعے ایران اور پاکستان مسلم دنیا میں اہم اور پراثر کردار ادا کرسکتے ہیں:آیت اللہ خامنہ ای کا سوشل میڈیا پر پیغام
تہران/راولپنڈی(آئی این پی)فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف محمد باگیری سے ملاقات ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں لیڈروں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال، خاص دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں فوجی سطح پر تعاون بڑھانے، سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کے لیے طریقہ کار بہتر بنانے پر بھی غور کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں سرحدی علاقوں کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے زونز میں بدلنے پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ معاشی زونز بننے سے علاقائی استحکام اور خوشحالی کو تقویت ملے گی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران آمد پر بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، فیلڈ مارشل کو ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ایران کے سپریم لیڈر سید علی حسینی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے ایرانی صدر پزشیکیان سے بھی ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفد کے ہمراہ ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کا دورہ کر رہے ہیں۔دریں اثناء ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین پرپاکستان کے موقف کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اسلامی ممالک کو ہمیشہ صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے ترغیبات دی جاتی رہی ہیں، پاکستان ان ترغیبات سے کبھی متاثر نہیں ہوا، ایران اور پاکستان کو مل کر صیہونی حکومت کو غزہ میں جرائم سے روکنا چاہئے۔ایران کے سپریم لیڈر  نے وزیراعظم  پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں  ا س بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بعض مسلم ممالک صیہونی حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، باہمی تعاون کے ذریعے ایران اور پاکستان مسلم دنیا میں اہم اور پراثر کردار ادا کرسکتے ہیں اور مسئلہ فلسطین کو موجودہ غلط سمت سے ہٹا کر اس کی سمت درست کی جاسکتی ہے۔ایرانی  سپریم لیڈر نے کہا کہ وہ مسلم دنیا کے مستقبل سے پرامید ہیں اورکئی ایسی پیشرفت ہوئی ہیں جو اس امید کو تقویت پہنچاتی ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای  کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے خاتمے پر خوش ہیں، اور امید رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات حل ہوں گے