بھارت کسی خود فریبی کا شکار نہ رہے اگلی بار جواب برق رفتار اور شدیدہوگا فیلڈ مارشل
تمام یہ جان لیں پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے ‘ اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانباز اور متحد قوم کر رہی ہے‘طالبان رجیم کے پاس فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں
نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں:افسروں سے خطاب
راولپنڈی(آئی این پی)چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔مسلح افواج کے افسروںسے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔فیلڈ مارشل نے کہا ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے، ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کے لیے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے پاس فتن الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔فیلڈ مارشل نے کہا میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ‘چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ تمام یہ جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد!قبل ازیںچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں مسلح افواج کے دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔یہ تقریب بطور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔تقریب میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت اعلی عسکری افسران بھی شریک ہوئے، اعزازی دستہ کی جانب سے مہمان خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی، مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزازی دستے کا معائنہ بھی کیا۔تاریخ میں پہلی بار چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔