سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا قصر اسلام میں انتہائی پُرتپاک استقبال کیا، جہاں انہیں رسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے یوکرینی بحران کے حل اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد نے یوکرینی بحران کے اثرات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے فوری خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کا بھرپور حامی ہے۔ انہوں نے امن کے حصول کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا اور عالمی سطح پر جاری کوششوں کی کامیابی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سعودی عرب کی جانب سے امن اور سلامتی کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی حمایت یوکرین کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے اور امن کی راہ میں اس کی کوششوں کو سراہا۔یہ ملاقات سعودی عرب اور یوکرین کے تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنے گی اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی مسائل پر تعاون کو مزید بڑھا سکتی ہے۔