اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

 اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضا میں سلامی دی۔نور خان ایئر بیس پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور صدر یو اے ای کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ معزز مہمانوں کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس دوران صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے مصافحہ بھی کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر یو اے ای کا استقبال کیا، جبکہ وفاقی کابینہ کے اہم وزراء بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے صدر کے طیارے کو فضائی حصار میں لے کر سلامی پیش کی۔

صدر یو اے ای کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس دورے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور خطے میں استحکام کو مزید فروغ دینا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے یو اے ای کا دورہ کر چکی ہے۔