پٹرول 95 ‘ ڈیزل 203 روپے لٹرمہنگا کرنے کی سمری مسترد 56ارب کا بوجھ حکومت اٹھائے گی شہبازشریف
عالمی منڈی کے حساب سے پاکستان میں پٹرول 544 روپے اور ڈیزل 790 روپے فی لٹرہونا چاہیے تھا‘حکومت معاشی بحران کے حوالے سے جامع منصوبہ بنارہی ہے جس کے لئے عوام کو تعاون کرنا ہوگا
تین ہفتوں کے اندر 125 ارب کا بوجھ حکومت نے اپنے کندھوں پر اٹھا کر عوام کے کندھو ںکو جھکنے سے روک دیا، یہ خطیر رقم فلاح اور تعمیر کیلئے استعمال ہوسکتی تھی مگر عوام کا معاشی تحفظ سب سے زیادہ عزیز ہے:قوم سے خطاب
کویت پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں‘مشکل حالات میں کویت کے عوام کیساتھ ہیں:شہبازشریف‘بحران میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں‘حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کروں گا: کویتی ولی عہدکا فون
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم نے قوم سے کیے گئے خطاب میں کہا جمعہ سے شروع ہونے والے ہفتے میں پیٹرول پر فی لیٹر 95 روپے، ڈیزل پر 203 روپے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم عوامی مشکلات کے پیش نظر ان تجاویز کو مسترد کردیا اور یہ بوجھ وفاقی حکومت نے ایک بار پھر خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرنے کے بعد اس کا حجم 56 ارب روپے بنتا ہے اور حکومت یہ اضافی بوجھ خود اٹھائے گی۔ عالمی منڈی کے حساب سے پاکستان میں پیٹرول 544 روپے فی لیٹر ہونا چاہیے تھا مگر 322 روپے میں دیا جارہا ہے، ڈیزل کی قیمت آج کے دن 790 روپے فی لیٹر ہوتی مگر حکومت نے ریلیف دیا اور 335 روپے میں فراہم کررہی ہے۔تین ہفتوں کے اندر 125 ارب کا بوجھ حکومت نے اپنے کاندھوں پر اٹھا کر عوام کے کاندھوں کو بوجھ سے جھکنے سے روک دیا، یہ خطیر رقم فلاح اور تعمیر کیلئے استعمال ہوسکتی تھی مگر عوام کا معاشی تحفظ سب سے زیادہ عزیز ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم مشکل وقت میں کفایت شعاری اور سادگی کو اپنائے، اس حوالے سے حکومت جامع منصوبہ بنارہی ہے جس پر عوام کو تعاون کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنا سفارتی اور ثالث کا کردار ادا کررہا ہے، ہماری یہ کاوشیں اللہ کی رضا اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے معاشی بحران سے نکلنے کیلیے پہلے ہی مشکل فیصلے کیے، ترقیاتی منصوبوں کیلیے 100 ارب کی کٹوتی کی، سادگی، کفایت شعاری کی مہم سے ایک ایک پیسہ بچا کر اربوں روپے عام آدمی کیلئے وقف کردیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔دریں اثناء کویت کے ولی عہدشیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت اورموجودہ بحران میں کویت کی حمایت پر شکریہ ادا کیاہے جبکہ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کو جمعہ کو کویت کے ولی عہد، عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور ان مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر بھی اظہار تشکر کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم نے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلین شاہ کو راشٹریہ سوئنترا پارٹی کی الیکشن میں زبردست کامیابی کے بعد نیپال کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے