دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا: آسٹریلیا کے قومی دن پر پیغام،مبارکباد
اسلام آ (آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آسٹریلیا کے قومی دن کے موقع پر آسٹریلیا کے گورنر جنرل اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شراکت داری باہمی احترام، مشترکہ جمہوری اقدار اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ امن اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے، جبکہ موسمیاتی مزاحمت اور جدت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع موجود ہیں۔صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطحی روابط سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی تفہیم مزید مضبوط ہوگی۔