وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کے صدر ‘ملائشیاء کے وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ‘عیدالفطر کی مبارکباد دی امت مسلمہ میں اتحاد اور سفارتی تعلقات پر زور

 کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرت کئے جائیں پاکستان‘آذربائیجان‘ملائشیاء کا اتفاق
وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے عوام کیساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا‘دونوں رہنماؤں نے تصفیہ طلب مسائل کے حل  کیلئے  بات چیت پر زور دیا
وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب کا خطے میں امن پر زور‘ایران اور خلیجی کشیدگی کم کرنے کے لئے  مشترکہ کوششوں پر اتفاق، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عز م کا اعادہ کیاگیا
اسلام آبا د (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیئیف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ میں اتحاد کی دعا کی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر علیئیف نے ایران اور خلیج میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور ہم آہنگی کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے مشترکہ اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔مزید برآں، دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ٹیلیفونک رابطے کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی تعاون اور باہمی اعتماد کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔محمد شہباز شریف نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شوکت مرزیایوف سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی اور عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ازبک صدر اور برادر عوام کے لیے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جسے ازبک صدر نے خلوص کے ساتھ قبول کیا اور وزیراعظم کے لیے بھی نیک خواہشات پیش کیں۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر ازبکستان کے دورہ  پاکستان کے انتہائی کامیاب نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور طے پانے والے اہم فیصلوں پر باقاعدہ پیش رفت سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونے پر اتفاق کیا۔اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زور دیا کہ فوری طور پر کشیدگی کم کی جائے اور تمام تنازعات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری کو فروغ دیا جائے۔