پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط اورتاریخی حقائق پر مبنی ہیں، قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کا تعاون قابل تعریف ہے:وزیراعظم

آسڑیا کے صنعتکار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں پا ک ، چین   تعلق ہمیشہ مضبوط رہے گا شہبازشریف
 آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی، پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہماری نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، ہماری حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں
 صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کیلئے کوشاں ہیں،  غیرقانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کا اہم انحصار زراعت پر ہے:ویانا میں بزنس فورم سے خطاب
ویانا(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے ویانا میں آسٹریا کی بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں شرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس اہم بزنس فورم سے خطاب پر خوشی ہے، پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات دہائیوں پر محیط تاریخی حقائق پر مبنی ہیں، قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کا تعاون قابل تعریف ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چانسلر کرسچن اسٹاکر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہماری نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، ہماری حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کیلئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کی ترقی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کا اہم انحصار زراعت پر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے کاوشیں جاری ہیں، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے لیے آسٹریا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، مختلف شعبوں میں آسٹریا کی بزنس کمیونٹی کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں، معاشی شعبے میں شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے، اپریل میں پاکستان ای یو بزنس فورم کا اسلام آباد میں انعقاد ہوگا۔دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کا تعلق ہمیشہ مضبوط رہے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے نئے سال پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کے لئے  نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ شی جن پنگ اور چین کے عوام کو خوشیوں بھرا نیا سال مبارک ہو۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی عوام کی صحت، کامیابی اور خوشحالی کے لئے  نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا تعلق ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور آئندہ بھی مزید مستحکم ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بھی اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور ان کے لیے دل سے دعاگو ہے۔