ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت 168 روپے 80 پیسے فی کلو ہے، جبکہ بعض علاقوں میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے شہریوں کو چینی سب سے مہنگی مل رہی ہے، جہاں قیمتیں معمول سے زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں ایک روپے 61 پیسے کی کمی آئی ہے۔ گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 170 روپے 41 پیسے فی کلو تھی، جو اب کم ہو کر 168 روپے 80 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔اس حوالے سے نائب وزیراعظم رانا تنویر نے گزشتہ دنوں چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، ادارہ شماریات کے اعداد و شمار اس دعوے کی نفی کرتے ہوئے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملک میں چینی کی قیمتیں اس حد تک کم نہیں ہوئیں۔یہ اعداد و شمار اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ حکومت کے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے کیے گئے دعووں پر سوالات اٹھا رہے ہیں اور عوامی سطح پر مہنگائی کے مسئلے کو مزید اجاگر کر رہے ہیں۔