لاہور: رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے، جس کا شکار عوام روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔
چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، اور اب چینی کی قیمت 180 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہے۔شہر لاہور میں چینی کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کے نتیجے میں 50 کلوگرام چینی کا تھیلا 8400 روپے سے بڑھ کر 8450 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پرچون فروشوں کے مطابق چینی اب 169 روپے فی کلوگرام کے حساب سے خریدی جا رہی ہے، جس کے بعد قیمتوں میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
اسی دوران، بیسن کی قیمت 340 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کی خبر ہے۔ چکی مالکان کی من مانیوں کی وجہ سے چکی کا آٹا 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جو کہ گزشتہ قیمت سے 20 روپے زیادہ ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی کا مقابلہ کیا جا سکے۔