آسٹریلیا میں 3 مئی کو وفاقی انتخابات کا اعلان، سخت مقابلے کی توقع
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے 3 مئی کو وفاقی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ان انتخابات کے دوران لیبر پارٹی اور لبرل پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ حالیہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے، اور کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل کرنے کے لیے چھوٹی جماعتوں یا آزاد اراکین کے ساتھ اتحاد کرنا پڑ سکتا ہے۔پچھلے انتخابات میں آزاد اراکین اور چھوٹی جماعتوں نے ریکارڈ ووٹ شیئر حاصل کیا تھا، جو اس بار بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انتخابات کی مہم میں مہنگائی اور اخراجات زندگی کے مسائل پر سب سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
انتھونی البانیز نے اپنی حکومت کی مدت کے بارے میں کہا کہ 10 سال کی خرابیوں کو درست کرنے میں تین سال سے زیادہ وقت لگے گا۔ انہوں نے اپنے حریف پیٹر ڈٹن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب ملک کو پیچھے لے جانے کے مترادف ہوگا۔یہ انتخابات آسٹریلیا کے مستقبل کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ لیبر پارٹی کو معاشی چیلنجز اور عوامی ناراضگی کا سامنا ہے، جب کہ لبرل نیشنل اتحاد نے معیشت کی بحالی پر زور دیا ہے۔