پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کرم میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر عوام کے دشمن ہیں اور انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے اور ان عناصر کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے زخمیوں کے لیے دعا کی اور حکومت و سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کو مزید تیز کرنے کا عہد کیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس واقعے کو امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فائرنگ کے ذریعے شرپسند عناصر نے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔واضح رہے کہ اس فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔