وزیرِ اعظم کی قیادت میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبے ترقی کر رہے ہیں؛ وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ

وزیرِ اعظم کی قیادت میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبے ترقی کر رہے ہیں؛ وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ

ویب ڈیسک: وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبے مسلسل ترقی کر رہے ہیں، اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بات ڈیجیٹل تعاون تنظیم (Digital Cooperation Organization) کی سیکریٹری جنرل دیما الیحییٰ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈیجیٹل کانفرنس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ پاکستان کو جدید آئی ٹی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو کہ ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ انہی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آئی ٹی کے شعبے میں 9 ماہ کے اندر 25 فیصد برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی معاونت سے پاکستان نے 700 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں، جو ملک میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ، عالمی سرمایہ کاری اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکریٹری جنرل دیما الیحییٰ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل فورم میں شرکت کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا اور پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنا ہے۔دیما الیحییٰ نے پاکستان کی آئی ٹی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی تیزی سے پیش رفت قابل تعریف ہے اور تنظیم مستقبل میں پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لیے پرعزم ہے۔