پانی کی کمی فصلوں پر سنگین اثرات ڈالے گی:شیری رحمان

پاکستان کے تین صوبوں کو خشک سالی کا سامنا ہے جو  انتہائی پریشان کن ہے

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سینیٹ برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان  نے پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے،شیری رحمان کا کہنا تھا کہ  ارسا حکام کے مطابق پاکستان کے تین صوبوں کو خشک سالی کا سامنا ہے جو کہ انتہائی پریشان کن ہے، پانی کی کمی کے خدشات کے باعث ماہرین آبپاشی کے لیے پورے موسم کے لیے پانی کی فراہمی کی منصوبہ بندی کرنا مشکل ہو رہا ہے، ارسا کی مشاورتی کمیٹی نے اہم ترین  اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں صرف پینے کے پانی کی فراہمی کی جائے گی، ارسا کے مطابق پاکستانی دریاؤں کے نظام میں 43% پانی کی کمی ہے،ڈیموں میں بھی پانی نہیں ہے ،جبکہ پہاڑوں پر بھی برف کے ذخائر کم ہونے سے بہتر بہاؤ کی کوئی امید نہیں ہے