بڑھتی آبادی پاکستان کے مستقبل کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہے:شیری رحمان

پاپولیشن بم پر قابو نہ پایا گیا تو ملک 2030 تک دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی نے پاکستان کو سنجیدہ معاشی، ماحولیاتی، اور سماجی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان کی موجودہ آبادی 24 کروڑ سے زائد ہے، جو نہ صرف وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے بل کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے پارٹی کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت، اور خواتین کے اختیار کو بڑھانے کے لئے متعدد جامع پالیسیوں پر عمل درآمد کیا ہے۔شیری رحمان نے خبردار کیا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے اور اگر پاپولیشن بم پر قابو نہ پایا گیا تو ملک 2030 تک دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین مسئلے کا حل معاشرے کے تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔