دریائے سندھ میں پانی کی کمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،پیپلزپارٹی کی سینیٹرکا صورتحال پراظہارتشویش
اسلام آباد(آئی این پی ) پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے دریائے سندھ میں پانی کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور پانی کی کمی کا 100سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں میں 40فیصد کمی ہوئی ہے۔ سکھر بیراج میں پانی 71فیصدجبکہ تینوں بیراجوں میں 65فیصد کمی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے تین صوبوں میں قحط کی صورتحال ہے اور کاشتکاری کے لیے پانی نہیں ہے لیکن پانی کی بچت کے بجائے مزید نہریں نکالی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے دردی سے زیر زمین بے تحاشا پانی نکالا جا رہا ہے ، پانی کی کمی کے سبب زرعی شعبہ اور انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پانی کی کمی قومی ایمرجنسی ہے اور یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے پانی کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔