پانی بطور ہتھیار استعمال کرنے کی قیمت چکانی پڑے گی: شیری رحمان

 پانی روکنا سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے،علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ ہے
 پاکستان کو عالمی برادری کے فورمز پر بھارت کے آبی رویئے  کو چیلنج کرنا ہوگا:رہنما پیپلز پارٹی

 اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے  بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔اپنے ایک  بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنا سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے، بگلیہار ڈیم سے پانی روکنے کی وجہ سے دریائے چناب میں پانی کی خطرناک حد تک کمی ہوئی، پاکستان کو عالمی برادری کے فورمز پر بھارت کے آبی رویے کو چیلنج کرنا ہوگا، ہم کسی بھی قیمت پر قومی آبی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے دوٹوک کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اپنے وسائل کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، بھارت باز نہ آیا تو اس کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔