لاہور: پنجاب اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
اسپیکر نے ایوان میں معطلی کا باقاعدہ آرڈر پڑھ کر سنایا، جس میں واضح کیا گیا کہ اپوزیشن ارکان کی مسلسل غیر پارلیمانی حرکتوں اور ایوان کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نے انہیں سخت ایکشن لینے پر مجبور کیا۔اسپیکر نے کہا کہ ایوان کو آئینی اور جمہوری روایات کے مطابق چلانے کی ہمیشہ کوشش کی گئی، لیکن اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی کو بدنظمی کا شکار کیا، ایجنڈا پیپرز پھاڑے اور نازیبا نعرے بازی کی۔معطل کیے گئے اراکین میں ملک فہد، سید رفعت مسعود، کریم اللہ خان، ذوالفقار علی، احمد مجتبیٰ چوہدری، خیال کاسترو، شہباز احمد، امتیاز شیخ، اعجاز شفیع، اور اورنگزیب شعیب امین شامل ہیں۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ ان ارکان کے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے اور ایوان کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے آئینی اور قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق، یہ معطلی آئندہ 15 اجلاسوں کے لیے مؤثر ہوگی، اور مزید خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے اس فیصلے پر شدید ردعمل متوقع ہے۔