پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے اسپیکر آفس نے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر آفس نے اس سلسلے میں محکمہ قانون پنجاب سے مشاورت شروع کر دی ہے، جس میں معطل ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے آئینی اور قانونی نکات پر غور کیا جا رہا ہے۔معاملے پر اعلیٰ عدالتی فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جن میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا حمزہ شہباز کے خلاف دیا گیا فیصلہ بھی شامل ہے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اسمبلی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید نعرے بازی اور احتجاج پر ان 26 ارکان کو معطل کر دیا گیا تھا۔
اب ان کی مستقل رکنیت ختم کرنے کے لیے قانونی بنیادیں تلاش کی جا رہی ہیں۔اسمبلی ذرائع کے مطابق اگر اسپیکر نے ان ارکان کی رکنیت ختم کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کی تو یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا متقاضی ہوگا۔ اس پیشرفت سے پنجاب کی سیاسی فضاء میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے۔