اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور 26 معطل اپوزیشن ارکان کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے۔
یہ ملاقات اسپیکر کو موصول ہونے والے نااہلی ریفرنس کے تناظر میں ہو رہی ہے، جس میں معطل ارکان کو ذاتی شنوائی کا موقع دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق معطل ارکان نے مفاہمت کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اسپیکر کے سامنے اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، چیف وہپ رانا محمد ارشد اور دیگر اہم حکومتی رہنما بھی موجود ہیں۔ملاقات سے قبل اپوزیشن چیمبر میں تفصیلی مشاورت ہوئی جس میں ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسمبلی سے باہر رہ کر عوامی نمائندگی اور جماعتی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس لیے مفاہمت اور واپسی کے آپشنز پر غور کیا جانا چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر اسمبلی 26 جون کو ایوان میں ہنگامہ آرائی میں ملوث ارکان کا مؤقف سننے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ نااہلی ریفرنس پر کارروائی کیسے آگے بڑھائی جائے گی۔یہ پیش رفت پنجاب اسمبلی میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں مفاہمانہ راستے کی امید کو تقویت دے رہی ہے۔